Saturday, April 20, 2024

آسٹریلیا کے خصوصی فوجی دستوں کا39 نہتے افغانوں کو قتل کرنے کا انکشاف

آسٹریلیا کے خصوصی فوجی دستوں کا39 نہتے افغانوں کو قتل کرنے کا انکشاف
November 19, 2020

کینبرا (92 نیوز) آسٹریلیا  کے خصوصی فوجی دستوں کی افغانستان میں کارستانیاں منظر عام پرآگئیں، آسٹریلوی جنرل کے مطابق فوجی 23غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے، جبکہ بچوں اور کسانوں سمیت 39 نہتے افغان شہریوں کو قتل بھی کیا۔

آسٹریلیا  کے  خصوصی فوجی دستوں کے افغانستان میں جنگی جرائم پر مبنی افسوسناک رپورٹ جاری کردی گئی ،آسٹریلوی  جنرل کیمپ بل کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کےمطابق آسٹریلوی فوجیوں نے 2005سے2016کےدرمیان 39نہتے افغان شہریوں کو قتل کیا،جن میں بچے، کسان، قیدی اور دیگر عام شہری شامل ہیں۔

کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی جنرل نے کہا کہ ان تمام افرادکومیدان جنگ سے باہرقتل کیاگیا،جب کہ آسٹریلوی فوجیوں کےخلاف23غیرقانونی اقدامات کے شواہدملےہیں۔

دوران گفتگو آسٹریلوی جنرل نے کہا کہ وہ اس نقصان پر افغانستان سےمعذرت خواہ ہیں، تاہم ان کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کوسزادینےکافیصلہ ایک خصوصی پراسیکیوٹرکرے گا کہ آیا انہیں سزادی جاسکتی ہے یا نہیں۔