Friday, April 19, 2024

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس ، میثاق پاکستان کے 12 نکات کی منظوری

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس ، میثاق پاکستان کے 12 نکات کی منظوری
November 17, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں میثاق پاکستان کے 12 نکات کی منظوری دیدی گئی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا بلاول بھٹو، پروفیسر ساجد میر، اخترمینگل نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ آج تحریک میں شامل جماعتوں نے اپنے مقاصد وضع کر لیے ہیں۔ وفاقی، جمہوری، پارلیمانی اور اسلامی آئین کی بالادستی اور عملداری کو یقینی بنانا، تمام شقوں پر عملدرآمد کا تشخیص، پارلیمنٹ کی خودمختاری، سیاست سے اداروں کے کردار کا خاتمہ، آزادعدلیہ کا قیام، صاف شفاف انتخابات کا انعقاد، انسانوں کے جمہوری حقوق کا تحفظ، صوبوں کے حقوق کا تحفظ، اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کا تحفظ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ، مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ، یہ وہ نکات ہیں جن پر تمام قائدین نے اتفاق کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا پی ڈی ایم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ قرار دیا ہے کہ یہ انتخابات 2018ء کے انتخابات کی دھاندلی کا ری پلے ہے۔ انتخابات میں ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ ہم نے طے کیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھجوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عوام کو ان کا جمہوری اور آئینی حق دلا کر دم لیں گے۔ ہم نے تحریک کی رفتار کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا کی آڑ میں جلسوں پر پابندی کی بات ہو رہی ہے۔ ہم حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق ہوکر رہیں گے۔

انہوں نے کہا پی ڈی ایم کمیٹی کے لیے پیپلزپارٹی کی طرف سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے لیے قمرزمان کائرہ کا نام آیا ہے۔ پیلپزپارٹی کی طرف سے نائب صدر کے نام کا انتظار ہے۔ ن لیگ کی طرف سے نائب صدر احسن اقبال اور ڈپٹی سیکرٹری رانا ثناء اللہ ہوں گے۔ جے یو آئی پاکستان کی طرف سے نائب صدر کے لیے شاہ اویس نورانی کا نام آیا۔ جمعیت اہلحدیث کی طرف سے پروفیسر ساجد میر نام نائب صدر ہوں گے۔ مولانافضل الرحمان نے کہا ہم سینیٹ الیکشن کے لیے حکومت کا راستہ روکیں گے۔ روکنے کا طریقہ کار ابھی نہیں بتائیں گے۔ کچھ نکات ایسے ہیں جن پر اگلے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔