Thursday, March 28, 2024

گلگت بلتستان الیکشن، پی ٹی آئی نے 9 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

گلگت بلتستان الیکشن، پی ٹی آئی نے 9 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج
November 16, 2020
اسکردو (92 نیوز) گلگت بلتستان الیکشن2020 میں عوام نے فیصلہ سنا دیا، پی ٹی آئی نے 9 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 7 سیٹوں، پیپلزپارٹی چار نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ن لیگ صرف دو سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوسکی، مجلس وحدت المسلمین کو ایک نشست ملی۔ جے یو آئی اور تحریک اسلامی کو کوئی سیٹ نہ ملی۔ سات آزاد امیدوار بھی معرکہ سرکرنے میں کامیاب رہے، پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین دو حلقوں سے کامیاب ہوئے، اِنہیں ایک حلقے کی سیٹ چھوڑنا ہوگی۔ جی بی اے تھری میں اُمیدوار کی وفات کے باعث الیکشن نہ ہوسکا، جو اب 22 نومبر کو ہوگا۔ واضح کامیابی کے بعد تحریک انصاف گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس 9 سیٹیں ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ بھی اِنہیں حاصل ہوگا۔ حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کو صرف تین ووٹ درکار ہیں۔ آزاد اُمیدواروں کی شمولیت پی ٹی آئی کا سفر مزید آسان کردے گی۔