Friday, April 26, 2024

کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت ، یورپ میں بھی حالات بدتر ہونے لگے

کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت ، یورپ میں بھی حالات بدتر ہونے لگے
November 13, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت آ گئی۔ امریکا، بھارت کے بعد یورپ میں بھی حالات بدتر ہونے لگے۔ دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ32 لاکھ 17 ہزارسے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 13 لاکھ 1 ہزار 6 سے بڑھ چکی ہیں۔ دنیا بھر میں 1 کروڑ 45 لاکھ 79 ہزار 718 مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 95 ہزار 725 کی حالت تشویش ناک ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 48 ہزار 585 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔ اِدھربھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس سے 1 لاکھ 28 ہزار 722 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 87 لاکھ 28 ہزار 795 ہو گئی۔ برازیل تیسرے نمبر پر ہے جہاں یہ جان لیوا وائرس 1 لاکھ 64 ہزار 332 زندگیاں نگِل چکا ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 42 ہزار 960 ، روس میں کل اموات 32 ہزار4 سو 43 ہو گئیں ہیں۔ اسپین میں اموات 40 ہزار 461 سے تجاوز کرچکی ہیں۔ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات دوبارہ تیزی بڑھنے لگیں، برطانیہ میں اموات50 ہزار 928 تک جا پہنچی ہیں۔