Thursday, April 25, 2024

چودھری شجاعت کی طبیعت ناساز، سروسز اسپتال منتقل

چودھری شجاعت کی طبیعت ناساز، سروسز اسپتال منتقل
November 6, 2020
لاہور (92 نیوز) سینئرسیاستدان، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین علیل ہوگئے، سروسزاسپتال منتقل کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ نمونیا کا اٹیک ہوا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر زلفی بخاری نے اسپتال پہنچ کرخیریت دریافت کی۔ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کو علالت کے باعث سروسز اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا، ایم این اے مونس الہٰی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ چودھری شجاعت کو سینے میں انفیکشن ہے، تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کو نمونیا کا اٹیک ہوا ہے، اب ان کا سانس بہتر ہے۔ پرنسپل سمز پروفیسر محمد امجد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ چودھری شجاعت کی سانس کی نالی سے ریشہ نکال دیا، آکسیجن لیول پہلے سے بہتر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سروسز اسپتال پہنچے اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ اُنہوں نے چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں کو سابق وزیراعظم کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ہدایات دیں۔ وفاقی وزیرنارکوٹکس اعظم سواتی بھی اسپتال پہنچے اور سینئرسیاستدان کی خیریت دریافت کی۔ رہنماء تحریک انصاف و مشیرسمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری عیادت کے لئے سروسز اسپتال پہنچے اور صدرمسلم لیگ ق کی طبیعت سے متعلق دریافت کیا۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی سروسز اسپتال میں موجود رہے اور خیریت دریافت کرنے والوں سے ملتے رہے۔