Thursday, March 28, 2024

امریکا میں صدارتی الیکشن ، بائیڈن کو فتح کیلئے صرف چھ ووٹ درکار

امریکا میں صدارتی الیکشن ، بائیڈن کو فتح کیلئے صرف چھ ووٹ درکار
November 6, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدارتی انتخاب کیلئے مختلف ریاستوں میں ووٹوں اور پوسٹل بیلٹس کی گنتی جاری ہے۔ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو فتح کیلئے صرف چھ ووٹ درکار ہیں۔ امریکا پر حکمرانی کیلئے ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن میں کانٹے کامقابلہ جاری ہے۔ اہم ترین ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے ، وائٹ ہاؤس کے اگلے مکین کا فیصلہ اب چند ریاستوں کے نتائج پر آکر ٹھہر گیا۔ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کی پوزیشن مستحکم ہے۔ 264 الیکٹورل ووٹ لے چکے۔ ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ 214 ووٹوں کے ساتھ دوڑ میں بہت پیچھے ہیں۔ جو بائیڈن کے پاپولر ووٹوں کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ سے بڑھ گئی جو مجموعی ووٹوں کا 50 اعشاریہ 5 فیصد ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 6 کروڑ 94 لاکھ ووٹ لے چکے ہیں۔ ادھر امریکا کی 50 میں سے 46 ریاستوں کے نتائج آچکے ہیں جن 4 ریاستوں کے نتائج ابھی آنے ہیں وہی نئے صدر کا فیصلہ کریں گی ۔ ان ریاستوں میں نیواڈا، پنسلوینا، نارتھ کیرولائنا اور جارجیا شامل ہیں۔ ٹرمپ ان تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کو چیلنج کر چکے ہیں۔ اب تک کے نتائج کے مطابق شمالی ریاستوں مشی گن اور وسکانسن میں کامیابی کے بعد جوبائیڈن   264  الیکٹورل ووٹ جبکہ فلوریڈا، اوہائیو اور آئیئوا میں کامیابی سمیٹنے والے ٹرمپ 214 ووٹ لے چکےہیں۔ 270کا ہدف پورا کرنے کیلئے جوبائیڈن کو صرف 6جبکہ ٹرمپ کو 56 الیکٹورل ووٹ درکارہیں۔اگر مذکورہ چاروں ریاستوں کےالیکٹورل ووٹوں کوجمع کریں توان کی تعداد57بنتی ہے، بظاہر کسی بھی ریاست میں کامیابی جوبائیڈن کو نیا صدر بنا سکتی ہے جبکہ ٹرمپ کو کرسی بچانے کے لیےتمام 57ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ لیکن اب تک ہونے والی گنتی کےمطابق ٹرمپ پینسلوینا، شمالی کیرلائنا اور جارجیا میں جوبائیڈن سے آگےہیں جبکہ جوبائیڈن کو6الیکٹورل ووٹوں والی ریاست نیواڈا میں ٹرمپ پر معمولی برتری کے ساتھ کڑے مقابلے کا بھی سامنا ہے۔