Thursday, April 18, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس، کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع

آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس، کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع
November 4, 2020

پشاور (92 نیوز)پشاورہائی کورٹ نے لیگی رہنماء کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں غیرمعینہ مدت کےلئے توسیع کردی۔ کیپٹن (ر) صفدر نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور ترقیاتی فنڈز میں بے ضابطگیوں کے کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری حاصل کررکھی ہے، میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن(ر)صفدر کا کہنا ہے کہ 22 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ہوگا۔

قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور مانسہرہ میں اپنے حلقہ میں ترقیاتی فنڈز میں بے ضابطگیوں کے کیس میں انکوائری شروع کی۔ کیپٹن (ر) صفدر نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کےلئے پشاورہائی کورٹ سے ضمانت قبل ازگرفتاری کرائی،ضمانت کی توثیق کےلئے کیپٹن (ر) صفدرپشاورہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث ہائی کورٹ نے ضمانت قبل ازگرفتاری میں غیر معینہ مدت کےلئے توسیع کردی۔

پشاورہائی کورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ نیب کومیرے خلاف تین سو انکوائریز میں کچھ نہیں ملا۔ پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ہوگا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پی ڈی ایم کی تحریک کو تحریک پاکستان کے بعد دوسری بڑی تحریک قرار دیا۔