Thursday, April 18, 2024

ترکی زلزلے سے لرز اُٹھا، 12 افراد جاں بحق، 120 سے زائد زخمی

ترکی زلزلے سے لرز اُٹھا، 12 افراد جاں بحق، 120 سے زائد زخمی
October 31, 2020
انقرہ (92 نیوز) ترکی کے شہر ازمیر اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے سے 12 افراد جاں بحق اور 120 سے زائد زخمی جبکہ کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ زلزلے کے مرکز ازمیر کے قریب بحیرہ روم میں 16.5 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔ ترکی میں 7.0 شدت کازلزلے سے شہر ازمیر سمیت تقریبا پورا ملک لرز اُٹھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمارتوں کے ملبے سے 70 افراد کونکال لیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیوزمیں دیکھا جا سکتا ہے کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں میں سمندری پانی بھی داخل ہوا گیا۔ گلیاں نہروں کی شکل اختیار کر گئیں۔ کشتیاں خود بخود تیرنے لگیں۔ ترک میڈیا کے مطابق ترکی میں زلزلے کے بعد سے متعدد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہیں جبکہ زلزلے کے بعد ترکی اور یونان نے مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کی امداد پر اتفاق کیا ہے۔ ترک صدر طیب اروان کا کہنا ہے کہ۔۔ریاست کے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم زلزلے سے متاثر ہونے والے اپنے شہریوں کے ساتھ ہیں،علاقے میں تمام ریاستی ادارے اور وزارتیں ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے حرکت میں آ چکے ہیں،اللہ تعالیٰ سب کی حفاظت فرمائے، نقصان سے محفوظ رکھے۔ ترک وزیر داخلہ کے مطابق اس وقت تک ازمیر کے علاقے بورنووا اور بائراکلی میں چھ عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاع ملی ہے، دیگر علاقوں جن میں اوشاک، دینزلی، مانیسا، بالیکسیر ، آئدن اور موعلا شامل ہیں کے علاقوں میں عمارتوں میں معمولی دراڑیں ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔