Thursday, April 18, 2024

کورونا، ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئرز اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو سیل

کورونا، ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئرز اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو سیل
October 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہوگیا، کورونا سے دو ہلاکتوں کے باعث ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئرز اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو سیل کردیا گیا۔ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہو چکا، ملک میں اوسطاً 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی تعداد میں روزانہ نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔  صحت حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی سے مرض شدت اختیار کر سکتا ہے۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کے مریضوں میں دن با دن اضافہ ہوتا جارہا ہے دو مریضوں کی ہلاکت اور 18 کنفرم کیسز آنے کے بعد ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئرز اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو سیل کردیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کو سینٹائز اور سپرے کیا جائیگا اور اگلے احکامات تک عمارت خالی رہے گی۔ کورونا کیسز کی نشان دہی پر قائد اعظم یونیورسٹی کے تین شعبے بھی سیل کیے گئے ہیں جن میں کیمسٹری ،بی بی اے اور بی سی ایچ کے شعبےشامل ہیں۔ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسلام آباد میں حفاظتی انتظامات مذید سخت کردئیے ہیں، اسلام آباد شہر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے یعنی پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی اور اس کے تحت عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔