Friday, March 29, 2024

لاہور، حفیظ سنٹر میں آتشزدگی، تاجروں کی اُمیدیں دم توڑ گئیں

لاہور، حفیظ سنٹر میں آتشزدگی، تاجروں کی اُمیدیں دم توڑ گئیں
October 29, 2020
لاہور (92 نیوز) حفیظ سنٹر میں 18 اکتوبر کو لگنے والی آگ نے کروڑوں کا کاروبار کرنے والے تاجروں کی امیدیں بھی بھسم کردیں۔ متاثرین نے دہائیاں دیں تو حکومت نے دو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا مگر اس کے ثمرات تاجروں تک نہ پہنچ سکے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے بڑے کاروباری مرکز حفیظ سنٹرمیں آگ لگنے کے گیارہ روز بعد بھی تباہ حال تاجرمدد کے منتظر ہیں۔ 92 نیوزکے پروگرام ’’صبح سویرے پاکستان‘‘ کے اینکر نے تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا، تاریکی کے ماحول میں جلے ہوئے سامان کی راکھ پر اپنی پونجی کو تلاش کرتے دکاندارکہتے ہیں، اب تواسکریپ اورراکھ ہی ہے۔ تاجروں کی مسلسل آہ وبکا کے بعد حکومت نے 2 ارب روپے کے آسان شرائط پر قرضوں کا اعلان تو کیا مگر یہ امداد تاجروں تک نہیں پہنچی۔ حفیظ سنٹر کے چوتھے فلور پر چودہ نمبر دکان کی چھت بیٹھنے کی وجہ سے کسی کا بھی داخلہ ممنوع ہے۔ تاجر کہتے ہیں جو حصہ جلنے سے بچ گیا اسے کھول دینا چاہئے۔ آج بھی تاجر سڑک پر کرسیاں لگائے کاروبار کی بحالی کی امیدیں لیے حفیظ سنٹر کے باہر بیٹھے نظر آتے ہیں۔