Friday, April 26, 2024

30 وزرائے خارجہ کا پاکستان آنا بڑی کامیابی ہے، شاہ محمود قریشی

30 وزرائے خارجہ کا پاکستان آنا بڑی کامیابی ہے، شاہ محمود قریشی
December 20, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں 30 وزرائے خارجہ کا پاکستان آنا بڑی کامیابی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے پروگرام صبح سویرے پاکستان میں گفتگو کہا افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے، یہ بہت بڑی پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان،سعودی عرب نے ملکر کردار ادا کیا، مسئلہ طالبان کا نہیں، مسئلہ 38 ملین افغان عوام کا ہے، افغان عوام نہتے اور بھوکے ہیں۔

شاہ محمود نے کہا افغانستان کو ادویات، خوراک، تعلیم کی ضرورت ہے، تنخواہ دینے کے پیسے ہوں گے تو اسکولز بھی چلیں گے۔ عوام کے نکتہ نظر سے امریکا کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اتنے ممالک کے نمائندگان کا پاکستان آنا بہت بڑی پیشرفت ہے، اسپیکر قومی اسمبلی، سینیٹ، افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دفتر خارجہ کے عملے نے محنت کرکے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا حامد کرزئی نے بڑی درست بات کہی، حامد کرزئی کی طالبان نمائندگان، اشرف غنی سے بات ہورہی تھی۔ اشرف غنی کو فرار کے بجائے تحمل اختیار کرنا چاہیے تھا۔ حامد کرزئی نے بتایا کہ طالبان شہر میں داخل ہونا نہیں چاہتے تھے۔ افغانستان میں خون خرابہ نہ ہو اس لیے حامد کرزئی نے طالبان کو دعوت دی۔