Friday, April 26, 2024

30 روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر کا نرخ 120 روپے فی کلو تک جا پہنچا

30 روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر کا نرخ 120 روپے فی کلو تک جا پہنچا
July 8, 2020
 لاہور (92 نیوز) چند روز قبل 30 روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر کا نرخ 120 روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ عید قربان کے قریب آتے ہی منافع خوروں نے شہریوں کی کھال اتارنا شروع کر دی۔ ٹماٹر ایک بار پھر شہریوں کے منہ لال کرنے لگا۔ سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا۔ مصالحہ جات کی قیمتیں بھی قوت خرید سے باہر ہو گئیں۔ منافع خوروں کا شہریوں کے کچن پر وار شروع ہو گیا۔ ٹماٹر، سبز مرچ، مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا۔ عید قربان قریب آتے ہی مہنگائی کا جن شہریوں کی جیب پر وار کرنے کیلئے بوتل سے باہر نکل آیا۔ ٹماٹر کے نرخ سن کر شہریوں کے کان سرخ ہو جاتے ہیں۔ دو ہفتے قبل 15 سے 20 روپے کلو ملنے والے ٹماٹر آج کل 120 روپے کلو میں مل رہے ہیں۔ 295 روپے کلو والا ادرک عید کا ذکر سنتے ہی چھلانگ لگا کر 400 تک جا پہنچا۔ دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 180 روپے ہے لیکن مارکیٹ میں 320 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ سبز مرچ کی سرکاری قیمت 88 روپے فی کلو ہے مگر منافع خور مارکیٹ میں 120 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ آلو اور پیاز کے ریٹ میں بھی خوب ڈنڈی ماری جارہی ہے۔ مہنگائی سے بے حال شہری سبزیوں کی قیمتیں بڑھنے پر بھی بلبلا اٹھے۔ مہنگائی بے قابو ہوئی تو قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے مقرر پرائس کنٹرول  مجسٹریٹ غائب ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سبزی کی قیمتوں پر قابو نہ پایا تو عید قربان پر مہنگائی کا بڑا طوفان آئے گا۔