اسلام آباد (92 نیوز) - 03 ستمبر 1965ء، قوم کا بہادر سپوتوں کو سلام! پاک فوج نے چھمب سیکٹر میں بھارت کے 500 جوانوں کو جنگی قیدی بنایا۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے 3 طیارے مار گرائے۔۔ دو بھارتی طیارے بھاری نقصان اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
3 ستمبر پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ جنگ جاری تھی اور پاکستان کی مسلح افواج عوام کے ہمراہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی تھی۔
ایک طرف بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری اپنی قوم پر طاری پاک فضائیہ کے حملوں کا خوف دور کرنے کی ناکام کوششیں کرتے رہے تو دوسری جانب پاک فوج نے چھمب سیکٹر میں بھارت کے 500 جوانوں کو جنگی قیدی بنانے سمیت دشمن کے 15 ٹینکوں اور دیگر اسلحے پر قبضہ کر لیا۔
لیفٹینیٹ کرنل نصیر اللہ بابر نے غیر دانستہ طور پر کشمیر کے بھمبر سیکٹر میں ایک بھارتی پوزیشن پر اپنا ہیلی کاپٹر اتارا لیکن اُس وقت اُن کے پاس صرف ایک پستول تھی لہذا اپنی حاضر دماغی اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں پر موجود 30 بھارتی سپاہیوں کو جھانسہ دے کر جنگی قیدی بنا لیا۔
پاک فضائیہ نے بھارت کے 3 طیارے مار گرائے، ایک طیارہ پسرور ایئرفیلڈ پر فلائٹ لیفٹینیٹ حکیم اللہ نے مار گرایا جبکہ دوسرے طیارے کو فلائٹ آفیسر عباس مرزا پسرور کے ایئر فیلڈ پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے۔