Friday, April 26, 2024

2سلنڈر اور چولہے پھٹنے کے باعث حادثہ ہوا، شیخ رشید

2سلنڈر اور چولہے پھٹنے کے باعث حادثہ ہوا، شیخ رشید
October 31, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا 2 سلنڈر اور چولہے پھٹنے کے باعث حادثہ ہوا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سانحہ تیز گام کے حوالے سے بیان میں کہا سانحے میں ریلوے نہیں مسافروں کی غلطی سامنے آئی ہے۔ ریلوے کی کوتاہی ہے مسافر گیس سلنڈر ساتھ لےجانے میں کامیاب ہوئے، حادثے کی انکوائری کرائی جائے گی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا امیر حسین نامی تبلیغی جماعت کے امیر نے تیز گام میں دو کوچز بک کروائی تھیں۔ ان کوچز میں مہراب پور، نواب شاہ، حیدر آباد سے امیر حسین نے سواریاں بٹھائی تھیں۔ دونوں میں سے ایک کوچ میں دو سلنڈر اور ایک چولہا پھٹا۔ سلنڈر پھٹنے سے 62 مسافر جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔ شیخ رشید احمد نے کہا پاک فوج اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ آرمی چیف کا مشکور ہوں انہوں نےمجھے وہاں بھیجنے کا بندوبست کیا۔ میں وہاں پہنچ کر خود ریسکیو کاموں کا جائزہ لونگا۔ انہوں نے کہا جاں بحق ہونیوالوں کو 15 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔