Friday, April 19, 2024

پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ میں آج پاور شو

پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ میں آج پاور شو
October 16, 2020
 گوجرانوالہ (92 نیوز) پہلوانوں کا شہر سیاسی اکھاڑا بن گیا۔ پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ میں آج پاور شو ہو گا۔ جناح اسٹیڈیم میں بڑے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔ کرسیاں لگ گئیں۔ کئی فٹ چوڑا اسٹیج بھی تیار ہے۔ شہر میں بینرز کی بھرمار ہے۔ مریم نواز جاتی عمرہ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گی۔ بلاول بھٹو لالہ موسیٰ سے قافلہ لے کر آئیں گے۔ فضل الرحمٰن بھی لاہور سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جائیں گے۔ پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنےکی مشروط اجازت مل گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے اجازت نامہ جاری کر دیا گیا تھا جس کے مطابق جلسے کا وقت شام 5 سے رات 11 بجے تک ہو گا۔ جلسے میں حکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا ، داخلے کے لیے ماسک پہننا ضروری ہو گا۔ اجازت نامہ کے مطابق جلسے میں شرکا کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ لازمی ہو گا، پارکنگ کو مناسب فاصلے پر رکھا جائے، کسی بھی مجرم کو خطاب کرنے کی اجازت ہو گی نہ عدلیہ، فوج اور آئینی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی غیرقانونی اقدام پر نکات کی خلاف ورزی پر این او سی از خود منسوخ ہو جائے گا ۔