Thursday, April 18, 2024

کورونا کی دوسری لہر، وزیراعظم کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بروقت اقدامات اُٹھانے کی ہدایت

کورونا کی دوسری لہر، وزیراعظم کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بروقت اقدامات اُٹھانے کی ہدایت
October 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس ہوا، کورونا وباء کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے کورونا وائرس کے اجلاس میں ملک میں کورونا وباء کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ موجودہ صورتحال میں بین الاقوامی طور پر کورونا کی دوسری لہر کے نتیجے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حکومتی اقدامات اور حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان میں وباء کا پھیلاؤ اور نقصان دیگر ملکوں کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہوا۔ اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ 6 ہفتوں میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق کورونا کا مرض دوبارہ سر اُٹھا رہا ہے، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وباء کے پھیلاؤ سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ حالیہ اعدادوشمار کو مدنظر رکھتے ہوئے اور آبادی کو کورونا کی دوسری لہر سے بچانے کے حوالے سے اجلاس کے سامنے تجویز پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران نے کہا کہ اجلاس کا مقصد قوم کو کورونا کی دوسری لہر اور مزید نقصانات سے بچانے کے لئے بروقت فیصلہ سازی کرنا ہے۔ سرد موسم میں کورونا کی وباء کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کردی۔حفاظتی اقدامات اور ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی۔