Friday, April 19, 2024

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، بلوچستان اور سندھ نے فتوحات سمیٹ لیں

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، بلوچستان اور سندھ نے فتوحات سمیٹ لیں
October 11, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی میں دس ہزار رنز مکمل کر لیے۔ دوسرے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پہلے میچ میں بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بلوچستان نے 155رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بلوچستان کی طرف سے اویس ضیاء نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، خیبر پختونخوا کی طرف سے شعیب ملک کی 74 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، فخرزمان 33 رنز بنا سکے۔ خیبر پختونخوا کے اسٹار کھلاڑی اور سابق کپتان شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی میں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی اور تیسرے عالمی کرکٹر بھی بن گئے۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرن پولارڈ بھی دس ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ شعیب ملک ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنا رہا۔ دوسرے میچ میں  سندھ نے سینٹرل پنجاب کو تین وکٹوں سے ہرا دیا، سینٹرل پنجاب نے بابر اعظم کے 86 رنز کی اننگز کی بدولت چھ وکٹوں پر 170رنز بنائے، سہیل خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سندھ نے دانش عزیز کے ناقابل شکست 59 رنز کی بدولت ہدف سات وکٹوں پر حاصل کر لیا۔