Friday, April 19, 2024

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب نے فتوحات سمیٹ لیں

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب نے فتوحات سمیٹ لیں
October 10, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، خوشدل شاہ نے سدرن پنجاب کو خوش کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی کامیابی دلا دی، سدرن پنجاب نے سندھ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے خوشدل شاہ نے 35 گیندوں میں 100رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ پہلے کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ سدرن پنجاب کے بلے باز خوشدل شاہ نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، خوش دل شاہ نے پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ  قائم کر دیا، خوش دل شاہ نے 35 گیندوں پر تیز ترین سنچری داغ دی۔ سدرن پنجاب نے ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹتے ہوئے  سندھ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب کی ٹیم نے 217رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل حاصل کیا، خوش دل شاہ نے 100اور حسین طلعت نے 62رنز کی اننگز کھیلی۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 216رنز بنائے، خرم منظور نے 108 رنز بنائے۔ پہلے کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی، سینٹرل پنجاب نے 166رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے 86 اور فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔