Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم سے گورنر سندھ، صنعتکاروں اور کراچی کی کاروباری تنظیموں کے وفد کی ملاقاتیں

وزیر اعظم سے گورنر سندھ، صنعتکاروں اور کراچی کی کاروباری تنظیموں کے وفد کی ملاقاتیں
October 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ملک کے معروف صنعت کاروں اور کراچی کی کاروباری تنظیموں کے نمائندگان کے وفد سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیر اعظم نے گورنر سندھ عمران اسماعیل  سے ملاقات میں اُنہیں ہدایت کی ہے کہ بنڈل آئی لینڈ سے متعلقہ امور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر طے کیئے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کے بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت  کے حوالے سے  وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان سے ملک کے معروف صنعت کاروں اور کراچی کی کاروباری تنظیموں کے نمائندگان کے وفد نے بھی  ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر سینئر افسران کےعلاوہ گورنر سندھ عمران اسمعیل بھی ملاقات موجود تھے۔ وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ جبکہ حکومتی ٹیم نے کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے اور کاروباری عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، غیر ضروری ریگولیشنز کا خاتمہ، ٹیکس کے نظام میں بہتری اور صنعتی عمل سے وابستہ کاروباری برادری کے لئے ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ان کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحاتی و سہولت کاری کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے۔