Friday, April 26, 2024

میگا منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد

میگا منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد
September 28, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، تین گواہان آئندہ سماعت پر طلب کر لئے ، ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ضمنی ریفرنسز میں ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک موخر کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ضمنی ریفرنسز پر سماعت کی ۔ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ انورمجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔ عدالت میں گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہٰ رضا کے وکلاء کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی ، تمام 14 ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تو عدالت نے 69 میں سے تین گواہان کو طلب کرلیا۔ احسن اسلم، سید محمد عاطف، منظور حسین سمیت تینوں گواہان کے بیانات آئندہ سماعت 13 اکتوبر قلمبند کیے جائیں گے۔ پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز میں ملزمان کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، نیب نے دونوں ریفرنسز میں چار شریک ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے منظوری کرلی اور سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ اس سے قبل سابق صدر کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بھی فوری ٹرائل روکنے اور بریت کی استدعا کردی۔ درخواستوں میں موقف اپنایا کہ جعلی اکاؤنٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں۔