Wednesday, April 24, 2024

انیسویں آئینی ترمیم ختم کی جائے ، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ

انیسویں آئینی ترمیم ختم کی جائے ، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
September 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان بار کونسل کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا انیسویں آئینی ترمیم ختم کی جائے۔ پاکستان بارکونسل کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شہبازشریف، بلاول بھٹو اور شاہد خاقان سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں غفور حیدری ،امیر حیدر ہوتی ،ڈاکٹر جہانزیب ،ڈاکٹر عبالمالک  ،شاہد خاقان عباسی ،رضا ربانی بھی شریک ہوئے۔ اعلامیے میں کہا گیا ملک میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرری کا طریقہ کار غیر تسلی بخش ہے۔ انصاف کا نظام غیر مؤثر ہوچکا،جو پولیٹکل انجنیئرنگ کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ احتساب کا نیا نظام بنایا جائے جو تمام سرکاری اداروں کیلئے یکساں ہو۔ شہری آزادیوں اور صحافیوں کی حفاظت کیلئے قانون سازی کی جائے۔ شہباز شریف نے پاکستان بار کی اے پی سی سے خطاب میں کہا حالات نے پھر منفی ٹرن لیا۔ سیاسی جماعتوں کیخلاف مہم سے ماحول آلودہ ہو چکا۔ اپوزیشن کے لوگ احتساب نہیں، انتقام کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اگر حقیقی احتساب ہو تو آدھی کابینہ فارغ ہو جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کل اسپیکر نے گنتی کرانے کا آئینی مطالبہ نہیں مانا، سوچنا ہوگا کب تک ربڑ سٹمپ پارلیمان کو رکھنا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا پارلیمنٹ کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور آزاد میڈیا کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان بار کونسل کی آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ مستقبل شاندار روڈ میپ ہے۔ وقت آگیا ہے تمام پروفیشنل اداروں میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر مکالمہ شروع کیا جائے۔ بدقسمتی سے پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ بنا کے رکھ دیا گیا ہے۔ بہت جلد چئیرمین بلاول بھٹو کے ساتھ پنجاب کے عوام کے پاس جائیں گے۔ عوامی رابطہ مہم جو کرونا کی وجہ سے رک گئی تھی اسے پھر سے شروع کریں گے۔