Thursday, April 25, 2024

احتساب عدالت، زرداری کیخلاف 3 ضمنی ریفرنس خارج کرنیکی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

احتساب عدالت، زرداری کیخلاف 3 ضمنی ریفرنس خارج کرنیکی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
September 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کےخلاف میگا منی لانڈرنگ، پارک لین اور ہریش کمپنی سے متعلق 3 ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جو کل سنایا جائے گا۔ نیب نے درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نےآصف زرداری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کی ایک روز کیلئے حاضری سے استشنی کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ اپنے دلائل میں فاورق ایچ نائیک نے کہا کہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی عبوری ریفرنس میں آصف زرداری ملزمان  میں شامل نہیں تھے لیکن ضمنی ریفرنس میں شامل کردیا گیا۔ سپریم کورٹ نے دوماہ کا وقت دیا لیکن ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ فاروق ایچ نائیک نے دلائل میں دعوی کیا کہ چیئرمین نیب کے پاس ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا اختیار نہیں اس کیس میں کوئی انکوائری، یا تحقیقات نہیں کی گئیں۔ فاروق ایچ نائیک نے آگاہ کیا کہ فوجداری قانون میں ادھورا چالان جمع کروا کر بعد میں مکمل چالان جمع کرایا جا سکتا ہے تاہم نیب آرڈیننس میں عبوری اور پھر ضمنی چالان جمع نہیں کرایا جا سکتا۔ استدعا کی کہ احتساب عدالت ریفرنسز خارج کرکے آصف علی زرداری کو بری کرے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ ضمنی ریفرنس دائر نہیں ہو سکتا۔ نیب آرڈیننس کے سیکشن 16 کے تحت ایک کیس کسی دوسری جگہ منتقل بھی ہو سکتا ہے۔ سردار مظفر نے کہا کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ بڑا واضح ہے۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ نیب ضمنی ریفرنس دائر کر سکتا ہے۔ عدالت سے آصف زرداری کی درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی عدالت نے دونوں کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو جمعے کے روز سنایا جائیگا۔