Thursday, April 25, 2024

حکومت کی بڑی کامیابی ، مشترکہ اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ بل سمیت اہم قانون سازی کرا لی

حکومت کی بڑی کامیابی ، مشترکہ اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ بل سمیت اہم قانون سازی کرا لی
September 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) حکومت کو بڑی کامیابی مل گئی۔ مشترکہ اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ بل سمیت اہم قانون سازی کرا لی۔ پارلیمنٹ نے اینٹی منی لانڈرنگ دوسرے ترمیمی بل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ میں تیسری ترمیم کی منظوری دے دی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت بڑی تعداد میں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے آصف علی زرداری اور خورشید شاہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔ اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے متروکہ وقف املاک بل منظوری کے لیے پیش کیا تو اپوزیشن نےتحریک پر گنتی کا مطالبہ کر دیا جس میں حکومت کو 190 کے مقابلے میں 200 ووٹ  سے کامیابی ملی۔ پارلیمنٹ نے متروکہ وقف املاک بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اسلام آباد وقف املاک بل 2020 کے تحت وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں مساجد ، امام بارگاہوں کے لئے زمین وقف کرنے سے  پہلے رجسٹر کرانا ہو گی۔ حکومت نے اینٹی منی لانڈرنگ بل 2020 ایوان میں پیش کیا تو اپوزیشن نے  ہنگامے کے بعد  واک آوٹ کر دیا ۔ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں حکومت نے انسداد منی لانڈرنگ بل، انسداد دہشتگری ایکٹ 1997 میں تیسری ترمیم کا بل اور پاکستان میڈیکل کمیشن بل بھی  پاس کرا لیے۔