Thursday, March 28, 2024

کابینہ اجلاس ، دُہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کی آئینی ترمیم منظور

کابینہ اجلاس ، دُہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کی آئینی ترمیم منظور
September 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے۔ دُہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کی آئینی ترمیم منظور کر لی گئی۔ سینیٹ الیکشن کیلئے خفیہ رائے شماری ختم کرنے کی آئینی ترمیم کی بھی منظوری دیدی گئی۔ مشکوک  پائلٹس کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے۔ کابینہ نے پشاور، لاہور، راولپنڈی میں اسپیشل کورٹ کے ججز کی تعیناتیوں کی منظوری  دے دی۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں گرین بیلٹ پر ماڈل جیل بنانے سے روک دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کابینہ اجلاس میں الیکٹورل ترمیم کے حوالے سے بات ہوئی۔ موجودہ قانون میں ارکان پارلیمنٹ کے حلف لینے کے وقت کی بندش نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئے منتخب ارکان پارلیمنٹ 60 سے 90 دن کے اندر حلف لے لیں۔ حلف کے لیے  قانون میں ترامیم ضروری ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں جیل کے قیام کے عمل کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد میں گرین ایریا پر کنسٹرکشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔ عدالتی احکامات کے مطابق اسلام آباد میں جیل کے لیے متبادل جگہ دی جائے گی۔