Friday, March 29, 2024

امریکا، جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا،حادثات میں ہلاکتیں 33 ہوگئیں

امریکا، جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا،حادثات میں ہلاکتیں 33 ہوگئیں
September 14, 2020
کیلی فورنیا (92 نیوز) امریکا کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ پرقابو نہ پایا جا سکا، حکام نے آتشزدگی میں مزید شدت کی تنبیہ جاری کردی۔ ایک ماہ سے زائد عرصے سے لگی آگ کے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر تینتیس ہوگئی ہے۔ بلندو بالا شعلے، میلوں تک دھواں ہی دھواں۔ امریکا کے جنگلوں میں درجنوں مقامات پر لگی آگ بےقابو ہوگئی۔ لاکھوں ایکڑ اراضی جل کر خاک ہوگئی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں چلنے والی خشک ہوائیں آگ کے پھیلاؤ میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اگست کے آغاز سے اب تک اوریگان، کیلی فورنیا اور واشنگٹن میں چالیس لاکھ ایکڑ رقبہ، ہزاروں گھر اور نصف درجن چھوٹے قصبے جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔ 100 سے زائد، مقامات پر لگی آگ سے اٹھنے والے دھویں کی وجہ سے کئی علاقے تاریک ہوچکے ہیں اور فضائی آلودگی بدترین شکل اختیا کر چکی ہے۔ 30 ہزار سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج کیلی فورنیا کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔