Thursday, April 25, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کتنے پیسے وصول کر چکا92 نیوز نے رپورٹ حاصل کرلی

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کتنے پیسے وصول کر چکا92 نیوز نے رپورٹ حاصل کرلی
September 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اب تک کیا ہوا ، نیب کتنے پیسے وصول کر سکا، 92 نیوز سے رپورٹ حاصل کرلی۔ نیب کا مزید ریفرنس جلد احتساب عدالتوں میں دائر کرنے کا عندیہ ، وعدہ معاف گواہان کی فہرست میں بھی اضافہ ہونے لگا۔مختلف اداروں سے ریکارڈ وصولی کا کام تیز کر دیا گیا۔

جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں نیب ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ، نیب کے مطابق  جعلی بنک اکاونٹس کے کل 43 کیسز میں سے ابتک 10 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جاچکے ہیں، جبکہ، 12 تحقیقاتی اور 21 انکوائری کے مراحل میں ہیں۔

نیب راولپنڈی سابق صدر آصف علی زرداری، انکی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ کے بلال شیخ، حسین لوائی سمیت 52 ملزمان کو گرفتار کرچکا ، پلی بارگین اور اراضی کی مد میں نیب 23 ارب سے زائد کی ریکوری بھی کرچکا ہے ۔

نیب کے مطابق، جعلی اکاؤنٹس کیس کل 64ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 12 ملزمان مفرور ہیں جنہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے ۔ 18 ملزمان کو پلی بار گین قوانین کے تحت سزائیں دی گئی ہیں جس کے تحت وہ دس سال تک کسی سرکاری عہدے کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بنک اکاونٹس کے چار کیسز، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور فریال تالپور ایک ایک کیس اور اومنی گروپ کے خواجہ انور مجید 9 کیسز میں ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف،  یوسف رضا گیلانی سمیت 186ملزمان کے نام ای سی ایل میں ابتک ڈالے جا چکے ہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی بنک اکاونٹس کیس میں وعدہ معاف گواہوں کی فہرست میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہے جبکہ مزید جلد ریفرنسز عدالتوں میں دائر کیے جائیں گے۔