Tuesday, April 16, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، فواد حسن فواد اور اہلخانہ پر فرد جرم عائد

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، فواد حسن فواد اور اہلخانہ پر فرد جرم عائد
September 7, 2020

لاہور ( 92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بڑی پیش رفت ، لاہور کی احتساب عدالت نے نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سمیت انکے اہلخانہ پر فرد جرم عائد کردی ۔

عرصہ دراز جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے والے فواد حسن فواد پر فرد جرم عائد کر دی گئی،لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے کیس میں فواد حسن فواد اور ان کے اہلخانہ پر فرد جرم عائد کی۔نیب ریفرنس کے مطابق سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فوادنے اربوں روپے کے غیر قانونی اثاثے بنائے۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزم نے غیر قانونی اثاثے بنانے کے ساتھ اہل خانہ کے نام پر بے نامی جائیدادیں بھی بنائیں،عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے والوں میں فواد حسن فواد،رباب حسن، وقار حسن اور انجم حسن شامل ہیں۔

عدالت نے بریت کی درخواستیں واپس کرتے ہوئے فرد جرم عائد کی تو چاروں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا،احتساب عدالت کے جج محمد اکمل خان نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو بیانات کے لئے طلب کر لیا۔