Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر، کٹھ پتلی حکومت نے 12 لاکھ غیر مقامی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کردیئے

مقبوضہ کشمیر، کٹھ پتلی حکومت نے 12 لاکھ غیر مقامی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کردیئے
September 6, 2020
سری نگر (92 نیوز) بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے 12 لاکھ سے زائد غیر مقامی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کردیئے۔ کٹھ پتلی حکومت کا یہ اقدام وادی میں مسلم آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے کا حصہ ہے۔ مودی سرکار کی بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم آبادی کو اکثریت سے اقلیت میں تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی۔ کٹھ پتلی ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کرکے غیرمقامی 12لاکھ سے زائد افراد کو ڈومیسائل جاری کردیئے ہیں۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ ڈومیسائل کا اجرا جموں وکشمیرکے 20 اضلاع میں کیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں ڈویژن میں 9لاکھ 45 ہزار جبکہ کشمیر ڈویژن میں 2لاکھ 86 ہزارسے زائد ڈومیسائل جاری کیے گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی حکومت کو 17 لاکھ 18 ہزار 887 افراد نے متنازعہ علاقے کے ڈومیسائل کیلئے درخواست دی جن میں سے 12 لاکھ 43 ہزار 996 کو 31 اگست تک ڈومیسائل جاری کئے گئے ہیں۔