Friday, April 26, 2024

وزیراعظم نے ایف اے ٹی ایف بل پر اپوزیشن کا کردار منفی قرار دے دیا

وزیراعظم نے ایف اے ٹی ایف بل پر اپوزیشن کا کردار منفی قرار دے دیا
September 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایف اے ٹی ایف بل پر اپوزیشن کا کردار منفی قرار دے دیا۔ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر وزیراعظم بل کی منظوری کیلئے خود میدان میں آگئے۔ عمران خان نے حکومتی اور اتحادی سینیٹرز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف ٹی ایف سمیت اہم قانون سازی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق  سینیٹرز کی مشاورت سے بل پاس کرانے کا حتمی لائحہ عمل طے   کر لیا گیا ۔ وزیراعظم نے آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے  اور کہا ہے کہ   تمام ارکان مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ ایف اے ٹی ایف پی ٹی آئی کی نہیں پاکستان کے لیے قانون سازی ہے، اہم ترین قانون سازی ہر صورت کروائیں گے۔ وزیر اعظم سے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ۔ ذرئع کے مطابق  ملاقات میں فیٹف بل، ریاستی معاملات، پارٹی امور، اپوزیشن کی سیاست پر گفتگو ہوئی ۔ وزیر اعظم نے عامر کیانی کو سندھ کے تمام بڑے شہروں کے لئے پیکج کا پلان بتایا۔ وزیر اعظم نے ایف اے ٹی ایف بل کے معاملے میں اپوزیشن کے کردار کو منفی قرار دیدیا اور کہا ملکی مفاد کے اس بل میں اپوزیشن کا کردار سیاہ ترین لکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل کے معاملے پر حکومت اور ریاستی ادارے ایک پیج پر ہیں اور پوری تن دہی سے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ریاستی اداروں کا ملکی ترقی و استحکام میں شاندار کردار ہے۔ حکومت فیٹف بل مشترکہ اجلاس سے بھی منظور کرالے گی۔ وزیر اعظم  نے  جلد کراچی  کے دورے  کا عندیہ  دیا  اور ساتھ ہی سندھ اور پنجاب میں تحریک انصاف کو متحرک کرنے کی  بھی  ہدایت  کی ۔