Friday, April 19, 2024

آرمی چیف نے کراچی شہر میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ لیا

آرمی چیف نے کراچی شہر میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ لیا
September 1, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی پہنچنے کے فوری بعد شہر میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ لیا۔ سپہ سالار نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ بھی کیا ۔ آرمی چیف کو کراچی کی حالیہ تاریخ میں بدترین سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کو سندھ بھر خصوصاً کراچی میں سول انتظامیہ کیساتھ تعاون سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کراچی شہر میں گنجان آبادی، عدم منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کے مسائل نے غیر معمولی بارشوں کے بعد مسائل میں اضافہ کر دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستان کا کوئی شہر بھی ایسی قدرتی آفت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ہمارا مسئلہ وسائل کی عدم دستیابی نہیں، ترجیحات کا درست  تعین نہ ہونا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سطح پر منصوبہ بندی کی جاری ہے۔ پاک فوج ہر قسم کی منصوبہ بندی میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا ایسی قدرتی آفات کے مستقبل میں ملکی معاشی سلامتی پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ حالیہ قدرتی آفت نے پاکستان کے بڑے شہروں کے بہتر انتظام اور ترجیحات کے درست تعین کا موقع فراہم کیا ہے۔ کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں کیلئے فوری اقدامات سے مستقبل میں قدرتی آفات سے بچا جا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیوں پر اظہار اطمینان کیا۔