Saturday, April 27, 2024

مقبوضہ کشمیر، محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی، قابض فوج نے مزید 4 کشمیری شہید کردئیے

مقبوضہ کشمیر، محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی، قابض فوج نے مزید 4 کشمیری شہید کردئیے
August 28, 2020
سری نگر (92 نیوز) بھارتی غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں مذہبی آزادی پر ایک اور قدغن، مسلمانوں کو نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا غم منانے سے روکا جانے لگا۔ محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ادھر شوپیاں میں ظالم بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ بھارتی غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار دیں۔ اپنے زیر قبضہ وادی میں مذہبی آزادی پر قدغن لگاتے ہوئے مسلمانوں کو نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا غم منانے سے روکا جانے لگا۔ عزاداروں کو 8 محرم کے جلوس نکالنے سے روکنے کیلئے سرینگر کے متعدد علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں۔ لال چوک، کارا نگر، باٹا مالو سمیت متعدد علاقوں میں قابض فورسز کی بڑی تعداد تعینات کردیا گیا،سڑکوں اور چوراہوں کو رکاوٹیں رکھ کر سیل کر دیا گیا ہے۔ سری نگر میں کرفیو کے باوجود نوجوان مظاہرین سڑکوں پر نکلے۔ نعرے بازی کی جنہیں بھارتی فوج نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھر قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سری نگر کے علاقے شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مودی کی ظالم فوج نے گولیاں مار کر 4 نہتے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔