Friday, April 26, 2024

ملک کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے ڈیرے ، دیربالا میں بھی بڑی تعداد امڈ آئی

ملک کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے ڈیرے ، دیربالا میں بھی بڑی تعداد امڈ آئی
August 23, 2020
 مری (92 نیوز) ملک کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیئے۔ سوات، مری کے ساتھ ساتھ دیربالا میں بھی بڑی تعداد امڈ آئی۔ ملک بھر سے سیاحوں کی کثیر تعداد ملکہ کوہسار کی دلکش نظاروں کو دیکھنے کے لئے امڈ آئی۔ مری کے پہاڑوں پر کبھی دھوپ کبھی چھائوں کے دلکش مناظر نے سیاحوں پر سحر طاری کر دیا۔ سیاحوں کا کہنا تھا کہ ملکہ کوہسار کے قدرتی حسن کو دیکھ کر یہاں سے واپس جانے کا دل ہی نہیں کرتا۔ مال روڈ ، پنڈی پوائنٹ اور کشمیر پوائنٹ پر سیاحوں کا ہجوم دیدنی تھا۔ سیاحوں نے ٹھنڈے اور خوشگوار موسم میں خوب مستیاں کیں ۔ کئی مقامات پر نوجوانوں نے میوزک پر رقص کر کے سماں باندھ دیا۔ سیاحوں نے ایوبیہ اور پیتریاٹہ میں چئیرلفٹ کی خوب سیر کی ۔ پہاڑوں سے نیچے اترنے والے بادلوں نے سیاحوں کے دل موہ لیے۔ اس حسین منظر کو کسی نے کمیرے کی آنکھ میں بند کیا تو کسی نے خوب سلفیاں بھی بنائیں۔ دوسری طرف خیبر پختونخوا میں دیر بالا کے علاقے کمراٹ میں پارہ گر گیا۔ قدرتی خوبصورتی اور بدلے ہوئے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے دور دور سے سیاحوں نے کمراٹ کا رخ کر لیا۔ صرف کمراٹ ہی نہیں، دیر بالا کے علاقوں لواری ٹاپ، ڈوگ درہ، عشیری درہ، لواری، شاہی اور بن شاہی میں بھی خوشگوار موسم نے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیا۔ دوسرے صوبوں سے آنے والے لوگ اب کالام اور بحرین کی بجائے دیر بالا کا انتخاب کرنے لگے۔ قدرت کی رعنائیوں کو دیکھنا ہو یا سیاحتی مقامات کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونا ہو تو دیر بالا ایک ایسی جگہ ہے جہاں آنے والے دیکھنے کے لئے آتے ہیں تو وہاں ڈیرے ڈال دیتے ہیں۔