Friday, April 19, 2024

منشیات اسمگلنگ کیس، رانا ثناء کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور

منشیات اسمگلنگ کیس، رانا ثناء کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور
August 22, 2020
لاہور (92 نیوز) سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ 15 کلوگرام منشیات اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرکے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے تاریخ رکھ لی۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ اے این ایف انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس پر سماعت کی، رانا ثنااللہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 21 اگست سے 28 اگست تک رانا ثناء اللہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں مصروف ہیں۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کی آج کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت میں دیگر ملزمان سے حاضری لگوائی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے تاریخ رکھ لی۔ اے این ایف حکام کا موقف ہے کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف فرد جرم عائد ہونے کے حوالے سے آج کارروائی ہونی تھی۔ رانا ثنا اللہ کے خلاف سی این ایس اے 1997ء کی دفعات 9 سی، 15 اور 17 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ کو اے این ایف حکام نے یکم جولائی کو موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ پر 15 کلو گرام منشیات اسمگل کرنے کا الزام ہے۔