Thursday, April 25, 2024

محرم الحرام، وزیراعلیٰ بزدار کی علماء کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی

محرم الحرام، وزیراعلیٰ بزدار کی علماء کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی
August 21, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس ہوا، سردارعثمان بزدار نے محرم الحرام میں علماء کی سفارشات اور تجاویز پرعمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا لاہور میں خصوصی اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لئے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا کردار قابل قدر ہے۔ علماء کرام کے تعاون،حکومت کے انتظامی اقدامات اور ذرائع ابلاغ کے مثبت کردار کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ رمضان المبارک میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، احتیاط کے پیش نظر محرم الحرام کے دوران بھی علماء کرام کی تمام ترقابل عمل سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت  مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر علماء کرام نے تحریک انصاف کی حکومت کے  دوسال مکمل ہونے پر مبارکباد دی، اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کیا۔