Friday, April 26, 2024

مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی مسلم لیگ ق میں شمولیت

مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی مسلم لیگ ق میں شمولیت
August 19, 2020
 لاہور (92 نیوز) مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی۔ نئے شامل ہونے والوں نے چودھری برادران پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، کامل علی آغا سے مسلم لیگ ن، ٹی ایل پی اور آزاد امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔ این اے 155 ملتان سے آزاد امیدوار اور سابق صدر پی ٹی آئی ملتان ڈاکٹر خالد خان خاکوانی  نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی پی 126 جھنگ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر محمد آزاد ناصر، پی پی 71 حافظ آباد ٹکٹ ہولڈر ٹی ایل پی سید شعیب شاہ بخاری بھی مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی معروف سیاسی شخصیات ساجد رضا کھیتران، عابد حسین کھیتران کمالیہ بھی مسلم لیگ ق کے ہمراہی ہو گئے ۔ اس موقع پر بات چیت میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی سیاسی و سماجی شخصیات کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق سے محبت کرنے والوں کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ وقت اور حالات نے انہیں راستے سے ہٹا دیا تھا۔ چودھری پرویز الہٰی نے نئے ساتھیوں کو ہدایت کی کہ اپنے حلقے میں جا کر پارٹی منشور کے مطابق آگاہی مہم چلائیں اور تنظیم سازی میں حصہ لیں۔ مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں۔