Wednesday, April 24, 2024

سانحہ کینجھر جھیل، 9 خواتین اور ایک بچی کی نماز جنازہ ادا

سانحہ کینجھر جھیل، 9 خواتین اور ایک بچی کی نماز جنازہ ادا
August 18, 2020
کراچی (92 نیوز) کینجھر جھیل میں گزشتہ روز کشتی الٹنے سے ڈوبنے والی 9 خواتین اور ایک بچی کی نمازجنازہ آج بعد نماز عصر کراچی کے علاقے محمود آباد میں ادا کی گئی، دوسری جانب ٹھٹھہ کی عدالت نے ملزم کشتی بان کو چھ روزہ جسمانی ریمارنڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔ ایک ہی براداری کی 9 خواتین اور ایک بچی لقمہ اجل بنی۔ کسی کی ماں، کسی کی بیٹی تو کسی کی بہن حادثے کا شکار ہوئی۔ کسی نے حادثے میں اپنی شریک حیات کو کھودیا۔ محمود آباد کے رہائشی یوسف اور عثمان کا پورا خاندان موت کے منہ میں چلا گیا۔ یوسف کی بیوی،تین بیٹیاں، بہن  اور بھتیجی جاں بحق ہونےوالوں میں شامل ہیں۔ عثمان کی بیوی اور تین بیٹیاں بھی ڈوبنے والوں میں شامل ہیں۔ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، گھر کے باہر شامیانہ لگا ہے، لوگ تعزیت کےلئے پہنچ رہے ہیں۔ ایک خاتون نے آنکھوں دیکھا حال بتایا دعا کی کہ ایسی آفت کسی پر نہ آئے۔ عزیزرشتہ داروں نے ساںحہ کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کردیا۔ مرحومین کی نمازجنازہ بعد نمازعصرمحمودآباد میں اداکی جائے گی جبکہ تدفین علاقائی قبرستان میں ہوگی۔ دوسری جانب ٹھٹھہ میں پولیس نے کشتی بان عبدالجبار کوسول جج کی عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے ملزم کو چھ دن کے لئے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔