Friday, April 19, 2024

اٹھارہویں ترمیم کی آڑ میں ریاست کے اندر ریاست بنائی گئی ، میئر کراچی

اٹھارہویں ترمیم کی آڑ میں ریاست کے اندر ریاست بنائی گئی ، میئر کراچی
August 18, 2020

کراچی ( 92 نیوز) میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے اٹھارہویں ترمیم  کی آڑ میں پیپلز پارٹی نے ریاست کے اندر ریاست بنالی ہے ، ایم کیو ایم اور مہاجر نام کو کوئی بھی  دفن نہیں کرسکتا ،وسیم اختر نے شہر کے مسائل حل نہ ہونے پر سڑکوں پر آنے کی دھمکی بھی دے دی۔

جاتے جاتے میئر کراچی کی پھرتیاں  ،  نارتھ ناظم آباد میں 2 کلومیٹر طویل سڑک کا سنگ بنیاد رکھا اور چند گھنٹے بعد لائنز ایریا میں پارک کا افتتاح کرنے پہنچ گئے ۔

وسیم اختر نے بطور میئر اپنی ناکامی کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لینے کی بجائے دوسروں پر ڈال دی،ساتھ ہی اختیارات نہ ہونے کا رونا بھی روئے  جبکہ حریف جیالوں پر 18ویں ترمیم کے غلط استعمال کا دھر دیا ۔

میئر کراچی کا کہنا تھا 4 سال بعد کراچی کے نالوں کی صفائی کیلئے پورا مُلک ساتھ بیٹھ گیا ، لیکن

کراچی والوں کو گندا پانی فراہم کیا جارہا ہے  ۔ وسیم اختر نے شہر کے مسائل حل نہ ہونے پر سڑکوں پر آنے کی دھمکی بھی دے دی ۔

میئر کراچی نے کہا کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن سندھ حکومت جاری کرے گی ۔