Thursday, April 25, 2024

یوم آزادی پر شہر شہر جوش و خروش ، فیملیز نے پارکوں کا رخ کر لیا

یوم آزادی پر شہر شہر جوش و خروش ، فیملیز نے پارکوں کا رخ کر لیا
August 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) یوم آزادی پر شہر شہر جوش و خروش بھرا ہوا ہے۔ کہیں ریلی نکالی گئی تو کہیں فیملیز نے پارکوں کا رخ کر لیا۔ نوجوان مردو خواتین سائیکلسٹس کی جانب سے لبرٹی گول چکر سے باغ جناح تک ریلی نکالی گئی۔ عوامی رکشا یونین کی جانب سے بھی آزادی ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں رکشا ڈرائیور اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ادھر لاہور میں بھی جشن آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی۔ چودھری سرور نے شجر کاری مہم کے تحت پودہ بھی لگایا جبکہ اس موقع پر ملی نغموں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پرچم کشائی کی اور ملکی سلامی کے لئے دعا کی۔ وزیر صحت پنجاب کی جانب سے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں قومی پرچم لہرایا گیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں سبز ہلالی پرچم لہرایا تو فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام لاہور میں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا جس میں عزیز الرحمٰن چن اور دیگر نے شرکت کی۔ یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا قومی پرچم واپڈا ہاؤس پر بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی تقریب ہوئی اور فضا میں سفید اور سبز غبارے بھی چھوڑے گئے۔