Thursday, April 18, 2024

یوم آزادی پر صدرمملکت عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا

یوم آزادی پر صدرمملکت عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا
August 14, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) یوم آزادی پر صدرمملکت عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں سید علی گیلانی کیلئے نشان پاکستان کا اعزاز حریت رہنماوَں نے وصول کیا۔ پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ۔۔ نشان پاکستان۔۔مرد مجاہد۔۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز کے ظلم و جبر کے سامنے چٹان۔۔ مظلوم کشمیریوں کے جذبوں کو زندہ رکھنے والی شخصیت سید علی گیلانی کے نام۔ وزیراعظم کے اعلان سے قبل سینٹ میں بھی ان کو نشان پاکستان دینے،  وزیر اعظم ہاؤس کے قریب زیر تجویز یونیورسٹی کو سید علی  گیلانی کے نام سے منسوب کرنے ، سید علی گیلانی کی زندگی اور جدوجہد کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ سید علی گیلانی 1929 میں پیدا ہوئے۔ وہ غیر قانونی بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بڑے سیاسی رہنما ہیں۔ آپ کا تعلق ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور سے ہے۔ انہوں نے اورینٹل کالج لاہور اور کشمیر یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کی۔ 1953 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور قائم مقام امیر جماعت کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ جدوجہد آزادی کے سلسلے میں 1962 میں پہلی بار گرفتار ہوئے۔ ایک سال سے زیادہ عرصہ اسیر رہے۔ سید علی گیلانی نے زندگی کے 14 سال  بھارتی غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں گزارا۔ سید علی گیلانی کی اپنی جماعت تحریک حریت بھی ہے جو کل جماعتی حریت کانفرنس کا حصہ ہے۔ سید علی گیلانی ،علامہ اقبال کے بڑے مداح ہیں۔ نومبر 2019 میں علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں بھارت کے ساتھ معاہدوں سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ سید علی گیلانی الحاق پاکستان کے شدت سے حامی ہیں۔ پاکستانی قوم اس بزرگ کشمیری رہنما کی انتھک جدوجہد اور ولولہ و جوش کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔