Friday, April 26, 2024

بھارت 500رافیل طیارے بھی خرید لے ہم تیار ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت 500رافیل طیارے بھی خرید لے ہم تیار ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
August 13, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ بھارت 500رافیل طیارے بھی خرید لے ہم تیار ہیں ،  پاک فوج دشمن کو جواب دینے کیلئے ہروقت منظم اور چوکس ہے ، بھارت پاکستان کے اندر دہشتگردی میں ملوث ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ  میں کہا کہ بھارت  کا رافیل طیارے خریدنا اس کے عدم تحفظ  کے شکار ہونے کاثبوت ہے، بھارت نے نفرت کا جوبیج بویا  جو پورے بھارت میں پھیل گیا ، پاکستان داخلی طور پر مستحکم ہے ،کلبھوشن جادیو تک رسائی عالمی عدالت کے فیصلے پر دی گئی، بھارت سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والا ملک ہے، جنگیں صرف اسلحہ سے نہیں جیتی جاتیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سب کو آزادی کا 73 سال مبارک ہو، قائد اعظم کے ویژن اور جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے،کشمیریوں کو شہید کر کے گمنام جگہوں پر دفنایا جارہا ہے، سلام ہے کشمیریوں کو 73 سال سے مزاحمت کی علامت بنے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت ایک سال سے پابند سلاسل ہے ، دنیا کا کوئی ایسا ظلم نہیں ہے جو کشمیر پر نہ آزمایا جا رہا ہو، مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا اور یو این مبصرین کو  جانے کی اجازت نہیں، ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، پچھلے ایک سال کے دوران 3 مرتبہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا،بھارت نے ایل او سی پر بزدلانہ کارروائیاں جاری رکھیں، بھارت نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے متعدد بار آزاد کشمیر کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا،سیز فائر وائلیشن کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، تمام سرحدی خلاف ورزیوں کو پاک فوج مؤثر انداز سے ڈیل کرتی ہے۔ ہم نے آزاد کشمیر کے بھائیوں کی حفاظت کیلئے بنکرز بنائے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ خرینے والا ملک ہے،بھارت دہشتگرد گروپس کو پاکستان اور خطے میں عدم استحکام کیلئے استعمال کر رہا ہے،  جنگیں صرف اسلحہ کے زور پر نہیں جیتی جاتیں، ہر ڈومین میں دشمن کو بروقت جواب دینے کیلئے منظم اور تیار ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغان امن عمل پر بات کرتے  ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے،  افغانیوں کے بعد افغانستان میں کوئی امن چاہتا ہے تو وہ پاکستان ہے،  ہم امید کرتے ہیں افغانستان میں جلد امن آئے گا، افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن آئے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم ہیں اور مستحکم رہیں گے، پاک سعودیہ تعلقات پر پاکستانی عوام کو فخر ہے، پاکستانی عوام کےدل سعودی عوام کےساتھ دھڑکتے ہیں ، امت مسلمہ میں سعودی عرب کی مرکزی حیثیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔