Friday, April 26, 2024

مریم نواز کی پیشی پر ہنگامہ آرائی ، ایم پی اے عدنان فرید سمیت 58 افراد جیل منتقل

مریم نواز کی پیشی پر ہنگامہ آرائی ، ایم پی اے عدنان فرید سمیت 58 افراد جیل منتقل
August 12, 2020
 لاہور (92 نیوز) مریم نواز کی پیشی کے دوران نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے معاملے میں گرفتار لیگی ایم پی اے عدنان فرید سمیت 58 افراد کوعدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ نیب دفتر کے باہر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے لیگی کارکنوں کو عدالت پیش کیا گیا۔ سابق رکن اسمبلی اور ٹک ٹاک اسٹار سمیت اٹھاون لیگی کارکنوں کو ہتھکڑیوں میں لاہور کی ضلع کچہری میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے عدالت کے روبرو ملزموں کی آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس کی لیگی وکلاء نے مخالفت کی۔ وکلاء نے مؤقف اختیار کہ گرفتار کارکنوں سے کوئی چیز برآمد نہیں کرنی ، اس لئے جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ملزموں کی رہائی کیلئے ضمانت کی درخواستوں پر 13 اگست کیلئے پولیس کو نوٹس جاری کر دیئے۔ مریم نواز کی پیشی کے دوران نیب دفتر کے باہر توڑ پھوڑ، پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے چوہنگ پولیس سے کل ریکارڈ طلب کر لیا ۔ مقدمے میں مریم نواز، رانا ثنااللہ، پرویز رشید ، محمد صفدر، طلال چودھری، سمیت دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا۔