Friday, April 26, 2024

امریکا میں صدارتی الیکشن ، جوبائیڈن نے سینیٹر کمالہ ہیریس کو نائب صدر چن لیا

امریکا میں صدارتی الیکشن ، جوبائیڈن نے سینیٹر کمالہ ہیریس کو نائب صدر چن لیا
August 12, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکہ میں رواں برس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹس کے مجوزہ امیدوار جوبائیڈن نے سینیٹر کمالہ ہیریس کو نائب صدر چن لیا۔ بائیڈن نے ٹویٹ میں لکھا ان کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ کمالہ کو اپنا نائب چن رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کمالہ نہ صرف ایک  نڈر جنگجو  ہیں بلکہ ملک کی بہترین سرکاری ملازم بھی رہی ہیں۔ کمالہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بائیڈن امریکہ کی عوام کو متحد کر سکتے ہیں کیونکہ انھوں نے اپنی پوری زندگی ہمارے لیے لڑتے گزاری ہے۔ بطور صدر وہ ایک ایسا امریکہ بنائیں گے جو ہمارے نظریات کی عکاسی کرے گا۔ میرے لیے جماعت کی نائب صدر کی امیدوار کے لیے نامزدگی اعزاز کی بات ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی خاتون ہیں جنھوں نے متعدد ایسی کہانیاں گھڑیں جو درست نہیں تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمالہ کا بائیڈن کے ساتھ ڈیموکریٹک پرائمری بحث کے دوران رویہ تضحیک آمیز تھا اور کسی ایسے شخص کا انتخاب کرنا جو آپ کی بے عزتی کرے یقیناً خاصا مشکل ہوتا ہے۔ ادھر سابق صدر باراک اوباما نے کمالہ ہیرس کی حمایت میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کمالہ اس عہدے کے لیے ضرورت سے زیادہ تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بائیڈن نے درست فیصلہ کیا ہے اور اب ان کے پاس ایک بہترین نائب ہیں جو امریکہ کے حقیقی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں ان کی مدد کر سکتی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی سیاہ فام خاتون کو نائب صدر کے لیے چنا گیا ہے۔ کمالہ اس سے قبل ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں جو بائیڈن کے مخالف تھیں۔ کمالہ ریاست کیلی فورنیا کی سابق اٹارنی جنرل بھی رہ چکی ہیں۔