Saturday, April 27, 2024

وائٹ ہاؤس کے باہر سیکرٹ سروس گارڈز نے مشتبہ شخص کو گولی مار دی

وائٹ ہاؤس کے باہر سیکرٹ سروس گارڈز نے مشتبہ شخص کو گولی مار دی
August 11, 2020

واشنگٹن ( 92 نیوز) وائٹ ہاؤس کے باہر سیکرٹ سروس گارڈز نے مشتبہ شخص کو گولی ماردی، زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا۔

سیکرٹ سروس کے مطابق ایک مشتبہ شخص سکیورتی اہلکار کے پاس آیا اور کہا کہ وہ ہتھیار سے لیس ہے، پھر کچھ دور جا کر اس نے اپنے کپڑوں سے کوئی چیز نکالی اور ایسی پوزیشن میں آیا جیسے اہلکار کو گولی مارنے لگا ہو، اس سے قبل کہ 51 سالہ مبینہ حملہ آور کچھ کرتا سیکرٹ سروس اہلکار نے اسے گولی مار دی۔

اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اچانک خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے انہیں آکر کہا سر ہمیں باہر جانا ہو گا‘ ، ٹرمپ نے سوالیہ لہجے میں پوچھا ’’ ایکسکیوز می‘‘، پھر ایک ایجنٹ نے ٹرمپ کے کان میں سرگوشی کی اور ٹرمپ بریفنگ روم سے چلے گئے۔

چند منٹ بعد امریکی صدر پریس کانفرنس کے لیے دوبارہ آئے اور کہا کہ ’’وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کی وجہ سے انہیں بریفنگ چھوڑنا پڑی، مزید یہ کہ حالات پوری طرح کنٹرول میں ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ وائٹ ہاؤس کے احاطے کے باہر پیش آیا اور مشتبہ شخص سکیورٹی حصار توڑنے میں ناکام رہا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے 51 سالہ شخص کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا۔

واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی اہلکار کے رویے سے متعلق بھی تفتیش کی جارہی ہے۔