Thursday, April 25, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ، کئی سڑکوں پر ٹریفک جام

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ، کئی سڑکوں پر ٹریفک جام
August 6, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ کے الیکٹرک کے 600 سے زائد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے۔ کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے بعد موسم نے کروٹ بدلی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آسمان نے گہرے سیاہ بادلوں کی چادر اوڑھ لی۔ شارع فیصل گلشن حدید، ملیر، شاہ فیصل کالونی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش  ہوئی۔ کارساز، اسٹیڈیم روڈ، ڈالمیا، گلستان جوہر، گلشن اقبال ڈیفنس، کلفٹن، قیوم آباد، صدر، طارق روڈ، بہادر آباد میں بھی  موسلا دھار بارش ہوئی۔ چند منٹوں کی بارش نے موسم تو خوشگوار کر دیا لیکن سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہری اذیت میں مبتلا ہو گئے۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر کے علاقے میں  28 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پی اے ایف فیصل بیس پر 23 ملی میٹر ، یونیورسٹی روڈ اور جوہر میں 11.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اولڈ ایریا ایئرپورٹ پر 11.3 ملی میٹر جبکہ ناظم آباد میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جمعرات کی شب سے کراچی سمیت سندھ بھر کے کئی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 8 اگست تک جاری رہے گا۔