Thursday, March 28, 2024

کورونا کیسز میں کمی پر لاک ڈاؤن میں نرمی ، ریسٹورنٹس اور ہوٹل پیر سے کھولنے کا اعلان

کورونا کیسز میں کمی پر لاک ڈاؤن میں نرمی ، ریسٹورنٹس اور ہوٹل پیر سے کھولنے کا اعلان
August 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کیسز میں نمایاں کمی پر لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی۔ ملک بھر کے ریسٹورنٹس اور ہوٹل پیر سے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ حکومتی اقدامات چھا گئے، کورونا کو شکست کے بعد معیشت کھل گئی ۔ حکومت نے آزادی سے پہلے بڑی خوشخبری سنا دی۔ سیاحتی مقامات کے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز 8 اگست سے کھولنے کا اعلان کیا گیا دس اگست سے دکانوں سے لاک ڈاؤن مکمل ختم، پرانے اوقات کار بحال کر دیے گئے۔ مارکیٹیں اور بازار ہفتے میں صرف ایک دن بند رہیں گے۔ ملک بھر میں دس اگست سے سینما، تھیٹرز ، بیوٹی پارلرز، پبلک پارکس، میوزیم بھی کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کو بھی دس اگست سے بحال کر دیا جائے گا۔ میٹرو سروسز میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت بھی دے دی گئی۔ تمام مزار اور درگاہیں بھی دس اگست سے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ عرس کیلئے مقامی انتظامیہ کی اجازت درکار ہو گی۔ 10 اگست سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال کر دی گئیں تاہم جسمانی ٹکراؤ والے کھیلوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ کھیلوں کی اجازت بغیر تماشائیوں کے دی جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 14 اگست کے حوالے سے بھی گائیڈلائنزجاری کرینگے اور محرم الحرام کے لیے بھی ایس اوپیز بنائی گئی ہیں۔