Thursday, April 25, 2024

لبنان دھماکے، اموات 135 ہوگئیں، 5 ہزار سے زائد زخمی ، 3 لاکھ بے گھر

لبنان دھماکے، اموات 135 ہوگئیں، 5 ہزار سے زائد زخمی ، 3 لاکھ بے گھر
August 6, 2020
بیروت (92 نیوز) لبنان دھماکے میں اموات کی تعداد 135 اور زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی، 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ بیروت شہر کا بڑا حصہ کھنڈر کی تصویر پیش کررہا ہے، ہولناک تباہی سے ہونے والے نقصان کا ابتدائی تخمینہ 10 سے 15 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، بندرگاہ کے تمام افسران کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے، صدر میشیل عون نے شفاف تحقیقات کا وعدہ کیا ہے سانحہ بیروت نے لبنان کو غم کی تاریک وادی میں دھکیل دیا، ساری دنیا کی آنکھوں سے آنسو خون بن کر چھلکتے رہے۔ بیروت دھماکوں کے بعد ہر گزرتے لمحے کیساتھ زخمیوں کی تعداد اور اموات میں اضافہ سامنے آیا، ریسکیو ادارے ملبے کے ڈھیر سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرتے رہے، بیروت کے تمام اسپتال زخمیوں سے بھرجانے پر زخمیوں کو دیگر علاقوں کے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا۔ لبنانی صدر مشیل عون نے بندرگاہ کا دورہ کیا اور وزیراعظم کیساتھ ملاقات میں دھماکے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، میشیل عون نے یقین دلایا ہے کہ سانحے کی تحقیقات شفاف انداز میں کی جائیں گی۔ بندرگاہ کے تمام افسران کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے، لبنانی کابینہ نے صدر کی تجویز پر گزشتہ روز بیروت میں 14 روزہ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چھ ماہ قبل کیمیکل گودام کی انسپیکشن کرنے والی ٹیم نے خبردار کیا تھا کہ وہاں موجود 2 ہزار 750 ٹن امونیم نائٹریٹ کو حفاظت سے منتقل نہ کیا گیا تو وہ سارے بیروت کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ ترکی، ایران، سعودی عرب، روس، جرمنی، فرانس سمیت متعدد ممالک نے امدادی جہازوں کو بیروت بھیج دیا ہے، جبکہ برطانیہ نے 50 لاکھ پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب سانحہ بیروت کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیرس کے ایفل ٹاور کی روشنیاں بھجا دی گئیں، فرانسیسی صدر عمانوئل میکخواں اظہار یکجہتی کیلئے آج لبنان پہنچیں گے۔