Thursday, March 28, 2024

طیارہ حادثہ، پی آئی اے انتظامیہ کا لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان

طیارہ حادثہ، پی آئی اے انتظامیہ کا لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان
August 4, 2020
کراچی (92 نیوز) طیارہ حادثہ میں پی آئی اے انتظامیہ نے لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان کر دیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق رقم کے معاملے  سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے انشورنس کمپنی  سے مذاکرات کیے  جس میں کامیابی  ہونے کے بعد انشورنس کی رقم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا  ہے۔ اعلامیہ میں  بتایا  گیا ہے کہ اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ اس سے پہلے  تمام لواحقین کو پچاس لاکھ روپے ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ائیر ایکٹ 2012 کے مطابق تھے جبکہ پی آئی اے دس لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کے زمرے میں پہلے ہی ادا کر چکی ہے۔ رواں سال 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے8303 ملیر جناح گارڈن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں سوار 97 مسافرجاں بحق جبکہ 2 معجزانہ طور پر بچ  گئے تھے۔