Saturday, April 20, 2024

بھارت، شدت پسند ہجوم کا مسلمان نوجوان پر گائے کا گوشت لیجانے کے جھوٹے الزام میں بدترین تشدد

بھارت، شدت پسند ہجوم کا مسلمان نوجوان پر گائے کا گوشت لیجانے کے جھوٹے الزام میں بدترین تشدد
August 2, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) انتہا پسند مودی کے بھارت کے شدت پسند ہجوم نے ایک اور مسلمان نوجوان کو گائے کا گوشت  لیجانے کے جھوٹے الزام میں بدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ انتہا پسند بھارتیوں کی کھلم کھلا غنڈہ گردی پر انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی۔ شدت پسند بی جے پی کی انتہا پسند پالیسیوں نے بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں  پر زندگی تنگ کردی۔ جھوٹے الزامات پر وحشیانہ تشدد بھارت میں معمول بن چکا۔ بھارتی شہر گڑگاوں میں گائے کے تحفظ کی نام نہاد تنظیم کے درجنوں شدت پسند کارکنوں نے بھینس کا گوشت لے جانے والے مسلمان نوجوان لقمان کو اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ وہ سدھ بدھ کھو بیٹھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جب لقمان کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا اس وقت سکیورٹی اہلکاربھی وہاں موجود تھے تاہم دیگر لوگوں کی طرح وہ بھی خاموش تماشائی بنے رہے۔ رپورٹس کے مطابق نہتے لقمان کو اس کی گاڑی سے اتار کر ہتھوڑے مارے گئے اور پھر لاتوں اور گھونسوں سے اس کو اذیت دی گئی۔ جب اس کی حالت غیر ہوگئی تو پولیس نے مداخلت کی اور اسے ہسپتال منتقل کردیا اور ایک بار پھر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے شدت پسندی کو ریاستی تحفظ فراہم کردیا۔