Saturday, April 20, 2024

ترک صدر اردوان کا صدر پاکستان اور وزیراعظم کو ٹیلیفون، کشمیریوں سے اظہاریکجہتی

ترک صدر اردوان کا صدر پاکستان اور وزیراعظم کو ٹیلیفون، کشمیریوں سے اظہاریکجہتی
August 2, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ترک صدر طیب اردوان نے ایک بار پھر مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کردیا۔ ترک ٓصدر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا۔ عید کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی مؤقف کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر نے ایک دوسرے کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور ایک دوسرے کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تاریخی عبادت گاہ آیا صوفیہ کو کھولنے پر ترک صدر کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے ترکی اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے ترکی کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ کورونا کے باعث زندگی بچانے کے ساتھ معیشت اور روزمرہ امور کو چلانے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ادویات کی مشترکہ تیاری کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ تمام باہمی معاملات پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر مملکت عارف علوی کو بھی ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

عارف علوی نے ترک ہم منصب کو بتایا کہ اس سال عید مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے، دنیا کو چیلنجز درپیش ہیں، کورونا نے عالمی معیشت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

اس موقع پر  ترک صدر طیب اردوان نے عارف علوی کو کورونا وباء کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔