Thursday, April 25, 2024

مناسک حج کا آغاز ہو گیا ، عازمین نے قرنطینہ ختم کر کے خانہ کعبہ کا طواف کیا

مناسک حج کا آغاز ہو گیا ، عازمین نے قرنطینہ ختم کر کے خانہ کعبہ کا طواف کیا
July 29, 2020

مدینہ ( 92 نیوز) خوش نصیبوں کا انتظار ختم  ہوگیا ، مناسکِ حج کا آغاز ہوگیا، عازمین نے قرنطینہ ختم کرکے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔

مناسک حج  کا آغازہوگیا، عازمین کے قافلے بدھ کو صبح سویرے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے ، اس سال فریِضہ حج ادا کرنے والوں میں سترفیصدسعودی عرب میں مقیم غیرملکی مسلمان ہیں جبکہ تیس فیصد کورونا کے خلاف لڑنے والے سعودی شہری ہیں۔

عازمین میں اسلامی ممالک سمیت ایک سو ساٹھ ممالک کونمائندگی حاصل ہے ، عازمین حج کا کارواں سکیورٹی فورس کے دستوں، میڈیکل ٹیموں، موبائل اسپتال اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندہ اہلکاروں کے حصار میں مکہ سےمنیٰ منتقل ہوا۔ حجاج کی بسیں پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ ہی استعمال کی گئیں۔

عازمین حج مکہ مکرمہ سےمنیٰ جاتے ہوئے ترانہ بندگی ’لبیک اللھم لبیک‘ کی صدائیں بلند کررہے تھے۔ اورکورونا وبا کے ماحول میں حج کی سعادت ملنے پرانتہائی خوش تھے۔

اس سال کورونا وبا کے سبب حج کے محدود انتظامات کئے گئے ہیں اور منیٰ  ، جہاں ہر سال خیموں کا شہر آباد ہوتا ہے رواں برس صرف ایک حصہ  ہی آباد ہوگا۔

عازمین  8 ذی الحجہ کو ظہر ، عصر، مغرب اورعشا کی نمازیں منیٰ میں ادا کریں گے اور جمعرات 9 ذی الحجہ کو فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں  حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا،اس سال حج کا خطبہ 89سالہ علامہ عبداللہ بن سلیمان المنیع دیں گے ۔

رواں برس حج کرنے والوں کو 5 دن مکہ مکرمہ کے ایک ہوٹل میں آئسولیٹ کیا گیا تھا تاکہ کورونا وائرس کی منتقلی کا کوئی خطرہ باقی نہ رہے۔